• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی پنجاب کے 25 سیاسی رہنماؤں کی زرداری سے ملاقات،PP میں شامل

لاہور(نمائندہ جنگ) سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاوس لاہور میں جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے راہنماؤں نے ملاقات کرکے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا ۔ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی ۔نیئر بخاری ۔مخدوم احمد محمود اور سید حسن مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ سابق صدر آصف زرداری نے نئے شامل ہونے والوں رہنماؤں کو خوش آمدید کہا اور پیپلز پارٹی کا مفلر اور پارٹی پرچم پہنائے۔پارٹی میں25مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے باقاعدہ شمولیت اختیار کی۔ ان رہنماوں میں سابق ایم این اے قطب فرید کوریجہ ، رئیس اکمل وارن،سردار شمشیر مزاری،سید قاسم علی شمسی،فریحہ بتول، عبد العزیز کلانک، رسول بخش جتوئی ،پیر جعفر مزمل شاہ ،سردار اللہ وسایا چنو لغاری ،محمد علمدار عباس قریشی، ،ملک عبد الغفار ارائیں،مسز عطا قریشی، یاسر عطا قریشی، سید جمیل شاہ،سید رشید شاہ،شیخ دلشاد احمد،سید بلال مصطفی ، سید تحسین نواز گردیزی،میاں علی حیدر وٹو،میاں سلمان ایوب موھل،میاں امیر حیدر وٹو،ایاز خان،امجد خان نیازی،مزمل خان نیازی،عمر مسعود فاروقی شامل ہیں،بلاول ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا پیپلزپارٹی ایک بار پھر مذاکرات کی حمایت کرتے ہوئے بات چیت کو ہی مسائل کا حل قرار د یتی ہےکسی کو مائنس کرنے کے حق میں نہیں ہے ، گزشتہ مذاکرات میں بھی تحریک انصاف کو باور کرایا تھا آپ نے اسمبلیاں توڑ کر بھی غلطی کی اور چودہ مئی پر الیکشن کی ضد بھی غلطی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ فوجی املاک پر حملہ ملک پر حملے کے مترادف ہے ،سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ ختم ہونے چاہئیں۔ یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مزید کئی لوگ رابطے میں ہیں انکا بیک گراؤنڈ دیکھ کر شمولیت کا فیصلہ کریں گے ، پیپلزپارٹی کا موقف یہی ہے کہ جو ہو آئین کے مطابق ہو۔ پیپلز پارٹی جمہوری پارٹی ہے سی ای سی میٹنگ اور اتحادیوں سے مل کر باہمی مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید