• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے، شہباز شریف، ایردوان کی تقریب حلف برداری میں شرکت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے ، انہوں نے ترکیہ کے نو منتخب صدررجب طیب ایردوان کی حلف برداری کے موقع پر صدارتی محل میں تقریب میں شرکت کی اور انہیں تیسری بار اس عہدے پرمنتخب ہونے پر مبارکباددی۔ ترک صدر کو اپنی اور پاکستانی عوام کہ طرف سے مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدررجب طیب ایردوان نے وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پرتپاک مصافحہ کیا۔ انقرہ میں ہونے والی تقریب میں دنیابھر سے 78سے زائد ممالک کے سربراہان اور نمائندگان نے شرکت کی۔تقریب میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل، امیر قطر، آذربائیجان کے صدر،روسی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور دیگرعالمی رہنما بھی تقریب میں شریک تھے۔حلف اٹھانے کے بعد اپنے خطاب میں طیب ایردوان نے کہا کہ آئین قانون اور جمہوری اقدار کی پاسداری کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے فرائض اور ذمہ داری بہترین انداز میں انجام دوں گا۔ وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ترکیہ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی ہے۔ حلف برداری کے بعد صدارتی محل میں تاریخی تقریب منعقد کی گئی۔اس موقع پرترکیہ کے نو منتخب صدررجب طیب ایردوان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یہ بات ہفتہ کودورہ ترکیہ کے دوران انقرہ میں انادولوگروپ کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت کوکاکولا کے چیف ایگزیکٹوآفیسر کریم یاحی کررہے تھے ،وفدمیں چیف اسٹریٹجی آفیسر اتیلا یرلیکایا اور دیگر اعلی عہدیداران بھی شامل تھے۔ وزیرِ اعظم نے انادولو گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور اسکی وجہ سے ملک میں روزگار کی فراہمی کو سراہا۔ وزیرِ اعظم نے انادولو گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری مزید بڑھانے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، معاون خصوصی طارق فاطمی اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر ڈاکٹر یوسف جنید بھی شریک تھے۔

اہم خبریں سے مزید