اسلام آباد (فاروق اقدس/خصوصی رپورٹ) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بعض مستعفی ارکان قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ مل کر اپنا پارلیمانی اور سیاسی کردار ادا کرنے کے خواہشمند ہیں اور یہ ارکان نے اپنی اس خواہش کی تکمیل کیلئے قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف سے رابطے میں ہیں۔ ان ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے وابستگی ختم کرنے والے ان ارکان قومی اسمبلی کا موقف ہے کہ عدالت نے ہمارے استعفے نامنظور قرار دے دیئے تھے اس لئے اب سپیکر بھی ہم سے تعاون کریں اور ہمارے استعفے نامنظور کرکے قومی اسمبلی میں ہماری نشستیں بحال کریں۔ ذرائع کے مطابق اپنی اس خواہش کے ساتھ ساتھ ان ارکان نے قومی اسمبلی کے سپیکر کو یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ ایون میں حکومتی پالیسیوں کی مکمل حمایت اور بلوں کی منظوری میں تعاون کریں گے۔