لاہور(اے پی پی)وفاقی وزیرہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکا میں پی آئی اے کی ملکیت روزویلٹ ہوٹل نیویارک سٹی ایڈمنسٹریشن کو تین سالہ لیز پر دے دیا گیا ہے‘تین سال میں 22کروڑڈالر پاکستان آئیں گے، ملک کے تین ایئر پورٹس کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے‘ پہلے مرحلہ میں اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کیا جا رہا ہے اس کے بعد لاہور اور کراچی ایئرپورٹ آؤٹ سورس کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ہمارا معروف کمپنی انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(آئی ایف سی) سے معاہدہ ہو چکا ہے‘ایئرپورٹس کی نجکاری نہیں ہورہی ‘صرف آپریشن کی ذمہ داریاں دی جا رہی ہیں ‘ سول ایوی ایشن کا کوئی ملازم بیروزگار نہیں کیا جائے گا، ملائیشیا میں پی آئی اے کے جہاز کو 72گھنٹوں میں ریلیز کروا لیا گیا‘قومی ایئرلائن میں مسائل کی ایک داستان ہے ‘اس ادارے کی ری اسٹرکچرنگ کرنا ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔