بغداد(جنگ نیوز)وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بغداد میں عراقی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں پاک عراق تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کا نفرنس میں کہا کہ پاکستان، عراق نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، امید ہے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون مزید فروغ پائے گا، وزیر خارجہ تین روزہ سرکاری دورے پر بغداد پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر نائب وزیر خارجہ محمد حسین بحر العلوم، پاکستان کے عراق میں سفیراحمد امجد علی اور دیگر حکام نے استقبال کیا۔ بعدازاں بلاول بھٹو زرداری نے عراقی صدر ڈاکٹر عبداللطیف رشید اور عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السودانی سے ملاقات کی ملاقات کیں۔ملاقاتوں میں وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے عراقی عوام اور حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔