باغ (نمائندہ جنگ )مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا، وہ جس بنکر میں بھی چھپ کر بیٹھے قوم اسے کبھی معاف نہیں کریگی،جس نے نواز شریف کی سیاست ختم کرنیکا منصوبہ بنایا وہ جماعت کرچی کرچی ہوگئی ، جو کہتا تھا میں اکیلا ہی کافی ہوں آج اکیلا ہی بیٹھ کر رورہا ہے ،کوئی جتنا بھی مخالف ہو، ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کرسکتا، 9 مئی کو جو ہوا اس سے شہدا کے وارثوں کی آنکھوں میں آنسو آئے، شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والا ہم میں سے نہیں ہو سکتا۔ آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا 9 مئی کو جو ہوا اس سے شہدا کے وارثوں کی آنکھوں میں آنسو آئے، جس نے شہدا سے یہ سلوک کیا قوم اسے معاف نہیں کرے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ بنکر میں چھپ کر بیٹھنے والے کو عوام نشان عبرت بنادینگے ،جو کہتا تھا میں اکیلا ہی کافی ہوں آج اکیلا ہی بیٹھ کر رورہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو شہداکی یادگاروں کو آگ لگائے کیا وہ ہم میں سے ہو سکتا ہے؟ کوئی جتنا بھی مخالف ہو ملک کو آگ لگانے کی جرات نہیں کر سکتا، کشمیری بھائی اسے عبرت کا نشان بنا کر چھوڑیں گے۔سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا وہ جماعت جسے کشمیر کے الیکشن میں دھاندلی کر کے جتوایا گیا تھا کہاں گئی؟ اس شخص نے ٹرمپ کے پہلو میں بیٹھ کر کشمیر کا سودا کیا، جس جماعت کو دھاندلی کر کے آزاد کشمیر میں مسلط کیا گیا وہ کہاں گئی، مسلم لیگ ن آج ڈٹ کر کھڑی ہے۔