• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارت افرادی قوت کی برآمد بڑھے گی

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) سفیر پاکستان ظہیر جنجوعہ نے کینیڈین صوبے مینی ٹوبہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزراء‘ اراکین پارلیمنٹ اور تارکین وطن سے ملاقاتیں کیں۔ دو روزہ ونی پیگ کے دورہ کے دوران سفیر پاکستان نے مینی ٹوبہ حکومت کے لیبر اور امیگریشن کے وزیر جون ریٹس کھیل‘ ثقافت اور ورثے کے وزیر اوبی خان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ دونوں ملاقاتوں میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے‘ افرادی قوت کی درآمد‘ ثقافتی تبادلوں اور عوامی رابطوں کے بڑھانے جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران ہائی کمشنر ظہیر جنجوعہ نے ونی پیگ سٹی ہال کا بھی دورہ کیا۔ ونی پیگ کے میئر سکاٹ گولنگم‘ ڈپٹی میئر جینس میوکس اور کونسلر مارکس چیمبرز کے ساتھ تفصیلی نشست کی۔ اس موقع پر انہوں نے سٹی ہال کے دورے پر آئے ہوئے مقامی ہائی سکول کے طلباء و طالبات سے بھی بات چیت کی۔ ونی پیگ کے قیام کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر جنجوعہ نے پاکستانی تارکین وطن اور اُنکی نمائندہ تنظیموں بشمول کینیڈا پاکستان ٹریڈ اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن آف منی ٹوبہ اور پاکستانی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن‘ یونیورسٹی آف منی ٹوبہ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں بھی شرکت کی۔
اہم خبریں سے مزید