• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، عمران کیخلاف غداری کیس کا مدعی وکیل عبدالرزاق شر قتل، چیئرمین PTI پر مقدمہ کریں گے، تارڑ

کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں )کوئٹہ میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، مقتول سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بغاوت کے مقدمے میں درخواست گزار تھے، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ سینئر وکیل عبدالرزاق کے قتل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو نامزد کیا جائے گا،عبدالرزاق شر کو کوئٹہ کے علاقے ایئرپورٹ روڈ پر عاق چوک کے قریب گھر سے عدالت جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، سر اور سینے میں گولیاں لگنے سے ان کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی، پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے، پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں،وزیراعلی ٰبلوچستان عبدالقدوس بزنجو نےقتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے، عبد الرزاق شر کے قتل کے بعد بلوچستان بار کونسل نے کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ کردیا،پی پی آئی کے مطابق لواحقین کا کہنا ہے کہ عبدالرزاق کے قتل کا مقدمہ چیئر مین پی ٹی آئی کیخلاف کرائیں گے، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ودیگر نے عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کی قاتلانہ حملے میں شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، عبدالرزاق شر نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے خلاف بطور وزیراعظم آئین توڑنے پر آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کرنے کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کر رکھی تھی،ایس پی شفقت جنجوعہ کا کہنا ہے کہ ورثا پوسٹ مارٹم کے بغیر ہی سول اسپتال سے لاش اپنے ہمراہ لے کر چلے گئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف ایک کیس بلوچستان ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا، سینئروکیل ان کیخلاف غداری کے مقدمے میں درخواست گزار تھے، سینئروکیل کو دن دیہاڑے قتل کرایا گیا، واقعہ کی مکمل تحقیقات ہوں گی۔

اہم خبریں سے مزید