ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان ترقیاتی ادارہ کے شعبہ انجینئرنگ کے افسران ٹھیکیداروں کے مفادات کا تحفظ کرنے لگے ، کنٹریکٹ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چہیتے ٹھیکیدار کو 54 لاکھ روپے سے زائد کی زائد ادائیگی کر دی گئی، سرکاری دستاویزات کے مطابق ملتان ترقیاتی ادارہ کے شعبہ انجینئرنگ کے ڈائریکٹر نے جنریٹر کے فیول ، سائٹ آفس کی آپریشنل لاگت سمیت مختلف امور کے لئے ٹھیکیدار کو 54 لاکھ 43 ہزار روپے کی ادائیگی کر دی حالانکہ کنٹریکٹ ایگریمنٹ کی شق 28 کے تحت کوئی بھی ٹھیکیدار کسی بھی منصوبہ کے دوران مشینری کی لاگت ، سائٹ آفس کے قیام پر خرچ ہونے والی رقم ادا کرنے کا پابند ہوتا ہے تاہم شعبہ انجینئرنگ ایم ڈی اے کے ڈائریکٹر نے چہیتے ٹھیکیدار کو نوازنے کے لئے کنٹریکٹ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری خزانے سے رقم ادا کی، کنٹریکٹ ایگریمنٹ کی خلاف ورزی کے نتیجے میں قومی خزانے کو 54 لاکھ 43 ہزار روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ، فروری 2022 میں زائد ادائیگیوں کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سے اب تک اس معاملے کی شفاف انکوائری نہیں کی جا سکی، اس سلسلہ میں موقف لینے کے لئے ڈائریکٹر انجینئرنگ ملتان ترقیاتی ادارہ رانا وسیم خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ تمام تر ادائیگیاں معاہدے کے مطابق کی گئی ہیں، کنٹریکٹ ایگریمنٹ میں کسی قسم کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔