پیارے بچو! کیوی کیا ہے؟
کیوی ایک پرندہ ہے۔
جب ہم چھوٹے تھے تو ٹیلی ویژن پر اکثر یہ اشتہار آتا تھا اور بچے لہک لہک کر اسے نغمے کو گنگناتے تھے۔ پیارے بچو! آیئے آج ہم آپ کو کیوی کے بارے میں کچھ معلومات فراہم کرتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کا یہ پرندہ دوسرے پرندوں سے کچھ مختلف دکھائی دیتا ہے۔ اس کا سر چھوٹا اور جسم پر پنکھ بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ اس کی دم نہیں ہوتی۔
ٹانگیں مضبوط اور جسم کے پچھلے حصّے سے جڑی ہوئی انگلیاں ہوتی ہیں، جبکہ اس کی پچھلی انگلی چھوٹی اور اوپر کو اٹھی ہوتی ہے۔ سامنے کی انگلیوں کے لمبے ناخن ہوتے ہیں، اس کے پر سرخ بادامی یا پھر بھورے ہوتے ہیں اور ان پر کالی دھاریاں ہوتی ہیں۔ یہ لمبے موٹے بالوں کی طرح نظر آتے ہیں۔ ان کی آنکھیں چھوٹی اور کمزور ہوتی ہیں۔
کیوی سارا دن چھوٹے چھوٹے غاروں میں یا زمین کے گڈھوں میں گرے ہوئے پتوں کے ڈھیر میں یا درختوں کی جڑ میں سوراخ بناکر چھپے بیٹھے رہتے ہیں اور رات کو غذا کی تلاش میں باہر نکلتے ہیں۔
ان کی لمبی چونچ ان کی بڑی مدد گار ہوتی ہے، یہ اپنی مضبوط چونچ کے ذریعے کائی اور سڑے گلے تنوں کو کرید کر اس کے اندر پائے جانے والے کیڑے مکوڑوں اور کیچوئوں کو پکڑ کر کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ پھلوں کے بیچ اور کچھ پھل بھی ان کی پسندیدہ غذا ہیں۔ ان کی آواز کرخت ہوتی ہےجو اکثر شام کو نکالتےہیں۔ یہ پرندہ اپنے جسمانی وضع قطع کی وجہ سے اڑ نہیں سکتا۔