کراچی / ٹھٹھہ (نیوز ڈیسک / نامہ نگار ) بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان ’بائپر جوائے‘ ایک انتہائی درجے کے سائیکلون میں تبدیل ہوکر ’ہائپر‘ (شدید) ہو گیا ہے جو اب کراچی سے 500؍ کلومیٹر دور موجود ہے، طوفان کی شدت کے پیش نظر کیٹی بندر ، ٹھٹھہ ، سجاول اور بدین سے لوگوں کا انخلاء شروع ہوگیا ہے ، طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200؍ کلو میٹر فی گھنٹہ کے قریب ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق لہریں 40فٹ بلند ہوسکتی ہیں ۔ کراچی میں 6؍ گھنٹے کے اسپیل میں 100؍ ملی میٹر بارش متوقع ہے ۔ حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں سی ویو جانے والا روڈ شہریوں کیلئے بند کردیا گیا ہے اور ساحل پر جانےکی پابندی ہے ، طوفان کے زیر اثر کراچی میں گرمی اور حبس کی شدت مزید بڑھ گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گوادر کے علاقے اورماڑہ میں سمندری طوفان بپر جوائے کے اثرات آنا شروع ہو گئے جبکہ کراچی میں بھی 100 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اورماڑہ میں سمندری لہریں ساحل کے قریب سڑک تک پہنچ رہی ہیں، اورماڑہ میں سمندری پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔ ادھر سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر کیٹی بندر کے ماہی گیروں نے اپنی کشتیاں ساحل پر کھڑی کر دی ہیں، بدین سے بھی ماہی گیروں کی واپسی شروع ہو گئی ہے تاہم کئی ماہی گیر اب بھی کھلے سمندر میں موجود ہیں۔ طوفان کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طوفان بپر جوائے کراچی سے صرف 500؍ کلومیٹر دور رہ گیا ہے اور طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہیں۔ حکام کے مطابق طوفان بائپر جوائے کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگی ہیں تاہم فی الحال طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اگر طوفان نے اپنا رستہ بدلا تو کراچی سمیت سندھ کی پوری ساحلی پٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ساحلی علاقوں میں 300 سے 400 ملی میٹر تک تیز بارشوں کا امکان ہے جبکہ کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔ٹھٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر کیٹی بندر شہر کو خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے کراچی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں ہے، 15 جون کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات تک ٹکرائے گا، کراچی میں بدھ کی شام سے بارش کا آغاز ہو سکتا ہے۔ زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6گھنٹے کے اسپیل میں 100ملی میٹر بارش متوقع ہے، بدھ کی شام شروع ہونے والی بارش جمعہ تک جاری رہ سکتی ہے۔ درریں اثناء سمندری طوفان کے پیش نظر سی ویو کا روڈ مقامی ریسٹورنٹ سے خیابان اتحاد تک ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔