کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ بپر جوائے کراچی سے 550کلومیٹر دور ہے،طوفان بپر جوائے کی شدت برقرار ہے،ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور کراچی کی ساحلی پٹی متوقع سائیکلون سے متاثر ہوسکتی ہے صورتحال خراب ہوتی ہے تو شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جاسکتا ہے،سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میرنے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کو سہولت دینے کیلئے استحکام پاکستان پارٹی بنائی گئی ہے کیونکہ یہ لوگ ن لیگ میں شامل نہیں ہوسکتے تھے،استحکام پاکستان پارٹی پنجاب میں ن لیگ کو تقویت دینے کیلئے بنائی گئی ہے،چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا کہ بپر جوائے کراچی سے 550کلومیٹر دور ہے،طوفان بپر جوائے کی شدت برقرار ہے، طوفان کے مرکز میں 150 سے 190کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ لہروں کی اونچائی بھی 35سے 40فٹ تک ہے، طوفان کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے جو 14جون سے شمال مشرق کی طرف ہوجائے گا، 15جون کی دوپہر تک طوفان بھارتی گجرات کے قریب پہنچنے کا امکان ہے، طوفان کے اردگرد تیس سے چالیس کلومیٹر تک نقصان کا زیادہ اندیشہ ہوتا ہے، اونچی لہروں کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں سمندر کا پانی بھی اندرآ ٓسکتا ہے، مسلسل تیز بارش کی وجہ سے بھی پانی کی نکاسی ممکن نہیں ہوتی اس لیے وہاں سیلابی کیفیت ہوسکتی ہے۔ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ ٹھٹھہ، سجاول، میرپورخاص ، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں تیز ہوائیں اور بارشوں کا امکان ہے، کراچی میں 14تاریخ کوآندھی چل سکتی ہے جہاں 60سے 70کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے، کراچی میں درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے کسی جگہ تیز بارش ہوسکتی ہے، کراچی سے آگے حیدرآباد ،سانگھڑ ، نوابشاہ تک کہیں کہیں بارش کا امکان ہے، ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی پر تیز ہوائیں چلنے اوراونچی لہروں کا بھی امکان رہے گا۔ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور کراچی کی ساحلی پٹی متوقع سائیکلون سے متاثر ہوسکتی ہے۔