حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کا55فیصد بجٹ قرضوں کے سود کی ادئیگی میں چلا جائے تو باقی کیا بچے گا ، ترقیاتی بجٹ اور ملک کا دفاع بھی قرضوں پر چل رہا ہے، انگریز کا دیا ہوا موجودہ نظام ملک کو مزید نہیں چلاسکتا، ملک کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔ صوبوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوسکتا تو اختیارات ہی تقسیم کردیں۔ کراچی میں بیٹھ کر گھوٹکی کا اسپتال کیسے چلایا جاسکتا ہے اسی طرح پنجاب12کروڑ عوام کا ایک بڑا صوبہ ہے اسے لاہورمیں بیٹھ کر کیسے چلایا جاسکتا ہے پنجاب کے خوراک کے نظام میں30 فیصد کرپشن ہے آٹا کے 20ارب کھا لیے گئے۔وہ حیدرآباد میں ری امیجنگ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے جس سے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔