لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نےپی ٹی آئی کے 3ایم پی او کے تحت گرفتار ہوکر لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی اور ملتان بنچو ں کے احکامات پر رہا ہونیوالے 15سو سے زائد رہنماؤں اور کارکنان کی رہائی کے خلاف 17انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کر دی ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق یہ اپیلیں 7اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے دائر کی گئی ہیں جنہوں نے 3ایم پی او کے تحت گرفتار افراد کی رہائی کے احکامات کو چیلنج کیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق شیخو پورہ ، فیصل آباد ، لاہور اور سرگودھا کے ڈپٹی کمشنروں کی طرف سے 4( سب کی طرف سے ایک ایک) جبکہ ڈپٹی کمشنر جھنگ کی طرف سے 2، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی طرف سے 3اور وزیرآباد کی طرف سے8انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی گئی ہیں۔