اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آئندہ چار سال کیلئے بلامقابلہ پارٹی کا دوبارہ صدر منتخب کر لیا، نواز شریف پارٹی کے تاحیات قائد، جبکہ مریم نواز شریف سینئر نائب صدر اور پارٹی کی چیف آرگنائزر، احسن اقبال سیکرٹری جنرل اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات جبکہ اسحا ق ڈار کو صدر اوورسیز منتخب کر لیا۔ پاکستان مسلم (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے تمام منتخب ہونے والے اراکین کو مبارک باد پیش کی۔شہباز شریف نے کہا کہ عہدہ نواز شریف کی امانت ہے، وہ آئیں اور اگلا الیکشن لڑکر چوتھی بار وزیراعظم بنیں، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کیلئے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے، آئی ایم ایف سے آج بھی سینگ پھنسے ہوئے ہیں، روس سے سستا تیل سائفر والے کے منہ پر زناٹے کا طمانچہ ہے، اس موقع پر ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ پارٹی قائد الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہونگے، شہباز شریف نے ملک کی ڈوبتی کشتی کو دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، راجہ محمد ظفر الحق، انجینئر امیر مقام، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان، شاہ غلام قادر سمیت چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے نائب صدور اور دیگر عہدیداروں کے علاوہ بڑی تعداد میں ملک بھر سے پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ انٹرا پارٹی الیکشن کے چیئرمین سردار محمد یوسف نے جنرل کونسل کی طرف سے منتخب کردہ پارٹی عہدیداروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مریم اورنگزیب مرکزی سیکرٹری اطلاعات، عطاء اﷲ تارڑ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ہونگے۔ مسلم لیگ (ن) کی جنرل کونسل نے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار اور پارٹی صدر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادیں منظور کیں۔ قرارداد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی۔مسلم (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف شرائط پوری کرنے کیلئے ہم الٹے سیدھے تک ہوگئے ہیں، آپ دعا کریں کہ ہمارا معاہدہ ہوجائے، امید ہے اللہ دعا سنے گا اور پھر پاکستان کے سارے مسائل حل ہوجائیں گے۔ ہم ملکی مفاد کی خاطر آئی ایم ایف سے بات کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، جن حالات میں اقتدار سنبھالا وہ کانٹوں کا اسٹیج تھا،ہماری کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈز کے ساتھ مختصر مدت کا ہی معاہدہ ہوجائے تاکہ ہم بڑے معاشی چلینجز سے نکل جائیں ۔شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تلوار ہمارے سروں پر لٹک رہی تھی جسکی وجہ سے انٹرپارٹی الیکشن کا انعقاد کرنا پڑا، میں سب کا مشکور ہوں۔دریں اثناء وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل صورتحال کے باوجود بجٹ میں سرکاری ملازمین اور عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا ہے، پاکستانی ایک جری قوم ہے جس نے بہادری سے تمام مشکل چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، سائفر اور غیر ملکی سازش کا بیانیہ دینے والا مسلسل جھوٹ بولتا رہا، روس سے سستا تیل آ چکا ہے، آذربائیجان سے بھی توانائی کا معاہدہ ہو چکا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مر سکتا ہے لیکن کشمیر پر سودا نہیں کر سکتا، وہ وقت دور نہیں جب نواز شریف چوتھی بار ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، دنیا میں تیل، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں، ہم نے ہمت نہیں ہاری، اتحادی حکومت نے فیصلہ کیا کہ مشکلات کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ ن کے قائد محمد نواز شریف آئندہ الیکشن کی قیادت خود کرینگے، ملک کو بنانے والے ہاتھ کبھی ملک کو نہیں توڑ سکتے ، لیڈر قوم کا استاد ہوتا ہے ، وہ اپنی مثال کے ذریعے پیروی کی ترغیب دیتا ہے۔مسلم لیگ (ن) اس قوم کا ماضی تھی، حال ہے اور مستقبل رہے گی۔