اسلام آباد(محمد صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جمعرات (22 جون) کو پیرس میں ہوں گے لیکن وہ مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے جبکہ فرانسیسی دارالحکومت میں ان کی ملاقات کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔
شہباز شریف ماحولیات سے متعلق بین الاقوامی سمٹ میں شرکت کریں گے جبکہ شاہد خاقان عباسی آج (پیر) سے شروع ہونے والے ایئر پیرس شو میں مہمان ہوں گے۔
سابق وزیراعظم اور پی ایم ایل این کے مضبوط رہنما شاہد خاقان عباسی نے بیرون ملک ہونے کے باعث گزشتہ جمعہ کو یہاں منعقدہ اپنی پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی۔
انہوں نے اتوار کی شام دی نیوز کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن)کا رکن قومی اسمبلی ہونے کے ناطے وہ جنرل کونسل کے بھی ممبر ہیں ‘اجلاس میں شرکت کیلئے انہیں کسی دعوت نامے کی ضرورت نہیں تھی ۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں ملک میں ہوتا تو جنرل کونسل اجلاس میں ضرورت شرکت کرتا۔
شاہدخاقان کا کہنا تھاکہ انہیں اس بات کا علم نہیں کہ مفتاح اسماعیل ان سے ملنے کراچی سے اسلام آباد آئے تھے ۔
مفتاح اسماعیل پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس کے موقع پر شام کو یہاں پہنچے تھے ۔
شاہدخاقان نے جنرل کونسل اجلاس کے موقع پر پارٹی عہدیداران کے الیکشن کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ وہ وطن واپسی کے بعد اس معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے ۔
ایک سوال پر انہوں نے اس امید کا اظہار کیاکہ بجٹ کی منظوری میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی ۔ان کا کہناتھاکہ بجٹ منظوری کیلئے پارٹی نے انہیں بلایا تووہ فوراًوطن واپس آئیں گے تاہم انہیں ایسے کوئی صورتحال نظرنہیں آتی کہ بجٹ کی منظوری کیلئے کسی ایک رکن کی موجودگی ضروری ہو۔
شہبازشریف جمعرات 22جون کو پیرس پہنچیں گے جہاں شاہد خاقان پہلے سے موجودہوں گے تاہم یہ واضح نہیں کہ وزیراعظم کی طرح وہ بھی پیرس سے نوازشریف سے ملنے لندن جائیں گے یا نہیں ۔