پشاور(وقائع نگار ) پرائیویٹ سکولز مالکان نے حکومتی احکامات نظر انداز کردیئے ۔ شدید گرمی کے موسم میں مختلف علاقوں گلبہار ‘ سکندر پورہ اور دیگر علاقوں میں قائم پرائیویٹ سکولز مالکان نے سکولز کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ طلبہ کو سکول نہ آنے کی صورت میں سکول سے نکالنے اور بھاری جرمانے عائد کرنے کی دھمکی دی ہے جس پر والدین میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بھی پرائیویٹ سکولز مالکان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں جبکہ ان سکولز مالکان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے ۔ اس سلسلے میں والدین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں سکولز کی چھٹیوں کے باوجود سکولز کھلے رکھنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ سکولز کھلے رکھنے کے حوالے سے کئی بار ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو آگاہ کیا ہے مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی ہے ۔ والدین نے دھمکی دی ہے کہ اگر فوری طور پر پرائیویٹ سکولز مالکان کا قبلہ درست نہ کیا گیا تو وہ بھر پور احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔