اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1200میگاواٹ کا چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ معاہدہ پاک چین دوستی میں ایک اور سنگ میل ہے‘ چشمہ پنجم منصوبہ سے 1200 میگاواٹ صاف، سستی اور قابل اعتماد ایٹمی بجلی سسٹم میں شامل ہو گی‘چین کی جانب سے3ارب 48کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے‘آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی، چشمہ فائیو منصوبہ سول اور فوجی قیادت کے ایک صفحہ پر ہونے کا ثبوت ہے‘پاکستان کو بلندیوں پر لے جانے کا سفرمشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں‘اختلافات ختم کرکے قوم کو عظیم بنائیں گے ۔منگل کو 1200 میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس تقریب میں وزیراعظم کی موجودگی میں چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ نواز شریف دور میں لگانے کا اصولی فیصلہ ہوگیا تھا‘گزشتہ حکومت نے اس منصوبے کو سرد خانے میں ڈال دیا تھا‘اس منصوبے پرلاگت 2017 کی ہی رکھی گئی ہے اورچینی حکومت نے لاگت بڑھنے کے باوجود تقریباً30 ارب روپے کی رعایت بھی دی ہے۔