لاہور(صباح نیوز) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو رہائی کے بعد منی لانڈرنگ مقدمے میں دوبارہ گرفتار کرکے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا،عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا،دوسری جانب پرویز الٰہی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات اور حفاظتی ضمانت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پرویز الٰہی کو پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کیس میں رہائی ملتے ہی ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں دوبارہ گرفتار کرکے ضلع کچہری عدالت میں پیش کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے کیس کی سماعت کی جہاں ایف آئی اے نے پرویز الٰہی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ایف آئی اے کے وکیل نے دلیل دی کہ پرویز الٰہی کیخلاف ٹھوس ثبوت ہیں، تفتیش مکمل کرنے کیلئے جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔