کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز بس سروس کی’’ ایپلیکشن‘‘ کے ذریعے مسافروں کو ٹکٹ کی قیمت، بس کے اوقات ، بس سروس کی مانیٹرنگ اور دیگر ضروری معلومات مل سکیں گی، اس ایپ تک سندھ حکومت کو مکمل رسائی حاصل ہے جس کے ذریعے یہ سروس مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے۔ سندھ حکومت بہت جلد ای ٹیکسی بھی شروع کررہی ہے، وہ جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں پیپلز بس سروس کے لیے موبائل ایپلیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ سلیم راجپوت، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شکیل اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اس سروس کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی ہے، کراچی میں خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس اور پیپلز الیکٹرانک بس سروس کا بھی اغاز کیا، اب پیپلز بس سروس کو صوبے کے 7 شہروں تک توسیع دے دی گئی ہے اور مزید شہروں میں بھی اس سروس کا جال بچھادیں گے۔