• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میئر کراچی بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس کرکے دکھائیں، سراج الحق کا چیلنج

اسلام آباد،لاہور (نمائندہ جنگ ،صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو خبردار کرتے ہیں میئرکراچی کے انتخاب کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے اور دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بدترین دھاندلی پر پھنس گئی ہے اب میئر کراچی بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس کر کے دکھائیں ، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے 193 چیئرمین ہیں اور پیپلز پارٹی 153 ارکان کے ساتھ کیسے اجلاس چلائے گی بجٹ کیسے پاس کریں گے فیصلے کیسے کریں گے ۔ میئر کراچی کا نوٹیفکیشن ان کے گلے کا کانٹا ثابت ہو گا نہ نگل سکیں گے نہ اگل سکیں گے ۔ کراچی کے جمہوری مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان خاموش تماشائی بن کر دیکھتا رہا، یہ عام انتخابات کی اہلیت نہیں رکھتا ، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے پرامن ماحول میں اجلاس کی ضمانت نہیں دے سکتے ۔ کراچی کا حق واپس لیں گے اور ملک بھر کے گلی کوچوں میں عوام کو سڑکوں پر لائیں گے ۔ یہ پہلا عوامی طاقت کا مظاہرہ نہیں ہے بلکہ ابھی تو شروعات ہوئی ہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو میئر کراچی کے صاف شفاف انتخابات تک چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے ، 193 ووٹ والے امیدوار کو ناکام اور 173 والا کامیاب ہو گیا ، جمہوریت کے ساتھ اس ڈرامے اور بدترین مذاق کو کوئی برداشت نہیں کر سکتا پورا پاکستان باہر نکلے گا ۔ احتجاج کی شدت بڑھتی جائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قریب نادرا چوک میں میئر کراچی کے انتخاب میں بدترین دھاندلی کے خلاف اہلیان کراچی سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اہم خبریں سے مزید