• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر ہسپتال انتظامیہ نے تحقیقاتی کمیٹی کو ریکارڈ فراہم نہیں کیا

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے بینظیر بھٹو ہسپتال پر چھاپے کے دوران پائی جانیوالی شکایات پر بننے والی تحقیقاتی کمیٹی نے ہسپتال انتظامیہ سے گیارہ نکات پر تفصیلات طلب کی تھیں لیکن کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نے آج ہفتہ کو اجلاس میں رپورٹ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو دینی ہے۔ کمیٹی نے بینظیر ہسپتال انتظامیہ سے اے ایم ایس/ڈی ایم ایس کی منظور شدہ اور تعینات افسران کی تفصیل طلب کی ہے۔ تینوں شفٹوں کا اے ایم ایس/ڈی ایم اس کا ڈیوٹی روسٹر‘ اے ایم ایس/ڈی ایم ایس کی فہرست‘ ڈرائنگ اینڈ ڈسپرسنگ آفیسرز کی لسٹ‘ 2022-23ء کے پی او ایل کی تفصیل‘ مختص بجٹ اور اخراجات کی تفصیل سمیت آؤٹ سورس سروسز اور ادائیگیوں کا ریکارڈ ائرکنڈیشنر اور مشینری کی مرمت و مینٹی نینس ریکارڈ‘ کینٹین‘ پارکنگ نیلامی ریکارڈ‘ جینی ٹریل سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر‘ حاضری ریکارڈ‘ جینی ٹریل آوٹ سورس معاہدہ‘ ایڈورٹائزمنٹ‘ ادائیگی اور لیبر ہائرنگ کی تفصیلات طلب کی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل پروفیسر جہانگیر سرور خان کی سربراہی میں قائم کمیٹی قائم کی تھی جس میں اے ڈی سی ایچ (کمپنی سیکرٹری) مرضیہ سلیم‘ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر انصر اسحاق‘ ایکسین بلڈنگ راولپنڈی‘ آئسیکو ڈپٹی منیجر آپریشنز سیٹلائٹ ٹاؤن ڈویژن شامل ہیں۔
اسلام آباد سے مزید