کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہائی کورٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات پر اسلام آباد ہائی کورٹ،لاہور ہائی کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ میں الگ الگ درخواستوں پر سماعت ہوئی۔بلوچستان ہائی کورٹ نے منگل کو حکم امتناع ختم کرنے اور جلد سماعت کی استدعا مسترد کردی۔منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے وفاق ، وزارت بین الصوبائی رابطہ و دیگر کو چار جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیئے اورجواب طلب کرلیا۔ عدالت نے اسٹے آرڈر کی متفرق درخواست پر بھی فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے درخواست پر احکامات جاری کئے ۔عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی کے معاملات الیکشن کمشنر کےحوالے کرنے کے نوٹی فکیشن کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔ عرفان منظور نے وزات بین الصوبائی رابطہ کے 20 جون کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا تھا ۔نوٹی فکیشن میں پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کو مدت مکمل ہونے پر کام سے روک دیا گیا تھا۔نوٹی فکیشن کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کر دیے گئے تھے۔