کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیوی کے قتل میں ملوث شوہر سمیت 7افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز تھانہ شالکوٹ کے ایس ایچ او عابد رضا مینگل کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ بیوی کے قتل میں ملوث ملزم نصیب اللہ ہزار گنجی میں موجود ہے جس پر دیگر عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ایک اور کارروائی میں ظفر اللہ نامی شخص کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرلی جبکہ پولیس نے ایک اور کارروائی میں ملزم اجمل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5کلو 100گرام چرس برآمد کرلی۔ دوسری جانب ایس ایچ او سول لائن نے دیگر عملے کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم محمود کو گرفتار اوراسکے قبضے سے 300گرام چرس ،جعفر اور باران کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک موٹر سائیکل قبضے میں لے لی جبکہ بروری پولیس نے کارروائی کے دوران اسد اللہ نامی ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 530گرام چرس برآمد کرلی۔