لندن ( جنگ نیوز) آزاد کمیشن برائے مساوات نے انگلینڈ میں کرکٹ سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق انگلش کرکٹ میں نسل پرستی صنفی تعصب اور اونچ نیچ پر مبنی تفریق داخل ہوچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کے ساتھ دوسرے درجے کا شہری جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کی اشاعت کے بعد انگلینڈاینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامسن نے غیرمشروط معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہمیں جاگ جانا چاہئے۔ رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیاگیا ہے کہ خواتین اور سیاہ فام افراد کو ایک طویل عرصے سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، ہم اس کے لئے دل سے معذرت خواہ ہیں۔ خیال رہے کہ یہ کمیشن پاکستانی نژاد عظیم رفیق کے علاوہ بعض کھلاڑیوں کی طرف سے عائد کردہ الزامات کے بعد قائم کیاگیا تھا۔ کمیشن نے برطانیہ میں مقیم چار ہزار لوگوں سے رائے لے کر یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔ یاد رہے کہ سال 2021 میں ایک پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیشی کے دوران عظیم رفیق نے پرنم آنکھوں کے ساتھ اسلاموفوبیا کا ذکر کرتے ہوئے بتایاتھا کہ انہیں ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔