کوئٹہ (نمائندہ جنگ/ایجنسیاں)بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دہانہ سر میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا ایک اور پولیس کے 3 اہلکار شہید ہوگئے‘جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دوزخمی ہوگئے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کرلی ‘ سکیورٹی فورسزکادہشت گردوں کی نقل وحرکت کی انٹیلی جنس اطلاعات پر تربت کے پہاڑی علاقے بلور کولواہ میں آپریشن ‘ فائرنگ کے تبادلے میں میجر ثاقب حسین اور نائیک باقرعلی شہید ہوگئے ۔ ادھرسکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا‘ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں3 دہشت گرد مارے گئے‘ ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ اور اتوارکی درمیانی شب دو بجے کے قریب ضلع شیرانی میں واقع دہانہ سر پولیس چیک پوسٹ کی چھت پر سو ئے اہلکاروں پر ملحقہ پہاڑی سے نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی ‘ کمشنرژوب سعید عمرانی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کوبتایاکہ تقریباًایک درجن مسلح دہشت گردوں نے ضلع ژوب میںہائی وے چیک پوائنٹ پر تعینات پولیس اور ایف سی اہلکاروں پر حملہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر شیرانی بلال شبیر کے مطابق سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان 2 گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ۔ زخمی دہشت گردوں کو ان کے ساتھی اپنے ساتھ لے کر جانے میں کامیاب ہوگئے‘علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہید پولیس اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر بہادر خان، سپاہی محمد افضل اور سپاہی محمد باز خان، سپاہی ایف سی (گن مین کیپٹن سعید) کے نام سے ہوئی ہے‘واقعے کے خلاف لواحقین نے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ دہانہ سر کے مقام پر احتجاجاًہر قسم ٹریفک کے لئے بند کر دی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ ادھرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد سکیورٹی فورسز، پولیس اور بے گناہ شہریوں کیخلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے جبکہ یہ دہشتگرد 11 اپریل 2022 کو کولاچی میں پولیس چیک چیک پوسٹ پر حملے میں بھی ملوث تھے جس میں پانچ پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔علاوہ ازیں سکیورٹی فورسزنےبلوچستان کے علاقے بلور میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن کیا‘سکیورٹی فورسز نےدہشتگردوں کےفرارکے راستے روکنے کے لیے ناکا بندی کی‘آئی ایس پی آرکے مطابق دہشت گردوں نےگھات لگاکرحملہ کیا،سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی‘مقابلےمیں میجرثاقب حسین اورنائیک باقرعلی شہیدہوگئے ۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان زخمی بھی ہوا۔