لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) ضلع لاڑکانہ اور ضلع قمبر شہدادکوٹ میں سات روز بعد شہریوں کے شدید ردعمل کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی کا آغاز کردیا گیا۔ سات روز قبل آنے والی آندھی میں مین ٹرانسمیشن لائن کے نو دیو ہیکل ٹاورز اکھڑ گئے تھے۔ سیپکو کے ایگزیکٹو انجینیئر شاہ محمد باچکانی کے مطابق لاڑکانہ شہر میں مجموعی طور ستائیس فیڈرز کو بحال کردیا گیا ہے جس کے نتیجے میں شیخ زید کالونی، لاہوری محلہ، جناح باغ چوک ، پاکستان چوک، بندر روڈ اور ایمپائر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کی سپلائی ساتویں روز بحال کردی گئ ہے۔ انہوں نے صارفین سے درخواست کی کہ وہ فیڈرز کو اوور لوڈنگ سے بچانے کے لئے ہیوی برقی آلات کا استعمال اس وقت تک نہ کریں جب تک یہ فیڈرز معمول کی سپلائی پر ایڈجسٹ نہ ہو جائیں۔ سات روز کے دوران ضلع لاڑکانہ اور ضلع قمبر شہدادکوٹ میں بجلی کے سنگین بحران نے نظام زندگی درہم برہم کرکے رکھ دیا تھا اور تمام علاقوں میں پانی اور برف کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی۔ لاڑکانہ میں نوے آئس فیکٹریز کے بند ہونے سے برف کی شدید قلت پیدا ہو گئی اور تیس روپئے کلو فروخت ہونے والی برف تین سو روپے کلو تک پہنچ گئی۔ بجلی بند ہونے سے اسپتالوں میں موجود مریضوں کی اکثریت گھروں کو چلی گئی جبکہ میڈیکل اسٹوروں پر جان بچانے والی فرج میں رکھی ادویات خراب ہوگئیں۔ عید کے موقع پر ذخیرہ کی گئی لاکھوں روپئے مالیت کی آئس کریم بھی پگھل کر خراب ہو گئی۔ عید کے موقع پر قربانی کرنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ قربانی کا گوشت بجلی نہ ہونے سے ذخیرہ نہ کیا جاسکا اور نہ ہی بیشتر قربانی کی کھالوں کو سڑنے سے بچایا جاسکا۔