راولپنڈی(این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 12جولائی سے بجلی سمیت مہنگائی کی نئی لہر آنے والی ہے اور حکومت کی الٹی گنتی شروع ہونے والی ہے‘سستا روسی تیل پہنچتے ہی ڈیزل ساڑھے 7روپے مہنگاہوگیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیخ رشید احمد نے کہاکہ مفتاح اور ڈار کے آئی ایم ایف فیصلوں میں رشتے داری کے علاوہ کیا فرق ہے، ڈار نے پہلے آنکھیں دکھائیں پھر پاؤں پڑے، 10مہینے ضائع کئے اور 9 مہینے کیلئے ناک رگڑ کر تمام شرائط مان کرا سٹینڈ بائے معاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت‘ نگران حکومت اور آنے والی حکومت تینوں حکومتوں نے 9 مہینوں میں آئی ایم ایف کی سخت شرائط پوری کرنی ہیں، 6ماہ میں 11بلین ڈالر واپس کرنے ہیں ۔ دوست ممالک کی ڈپازٹ یقین دہانیوں کا بھی جلد پتا چل جائے گا، آئی ایم ایف معاہدے میں غلطی کی گنجائش نہیں ہے اب یا کبھی نہیں کا ماحول پیدا ہوگیا ہے، مڈل کلاس ختم ہوگئی موجودہ حکومت نے اتنی فضول خرچیاں کی ہیں کہ لینے کے دینے پڑ جائیں گے۔