نارووال (جنگ نیوز)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے 2018 میں مسلم لیگ ن کی حکومت گرانے کو 1971 کے سانحے کے برابر قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2018 میں پاکستان کا مستقبل چھینا گیا،IMFمعاہدے سے معیشت مہنگائی میں بھی کمی آئیگی ،تحریک انصاف نے IMFسے معاہدے کو ناکام بنانے کیلئے لابنگ کی،ہم پاکستان کے مسائل حل کرینگے،نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا عالمی مالیاتی فنڈ سے معاہدہ وزارت خزانہ کی اس ٹیم کی کامیابی ہے جس کی قیادت وزیراعظم نے کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو ناکام بنانے کے لیے لابنگ کی لیکن اس کے باوجود موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا، آئی ایم ایف کے معاہدے سے معیشت بہتر ہو گی اور روپے کی قدر مستحکم ہو گی، اگلے چند ماہ میں مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، ہم پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔احسن اقبال کا کہنا تھا پاکستان کو 9 بڑے چیلنجز درپیش ہیں جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے نظام عدل کو مضبوط کرنا ہے کیونکہ جس ملک میں عدل نہیں ہوتا وہاں غیر ملکی سرمایہ کار نہیں آتے، بجلی اور گیس کی چوری سے بھی ملک پر بوجھ پڑتا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے درخواست کی کہ سمندر پار رہنے والے پاکستانی اپنے پیسے بینکنگ چینل کے ذریعے ملک میں بھیجیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا 2018 کی سازش 1971 کے سانحے سے کم نہیں تھی، 2018 میں پاکستان کا مستقبل چھینا گیا۔