سرینگر (اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بھارت کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ پر زور دیا ہے کہ وہ دفعہ 370سے متعلق درخواستوں کی جلد سماعت کریں جو سپریم کورٹ میں زیر التواء ہیں،بے گناہ کشمیری قیدیوں کے معاملے کو بھی دیکھیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی چیف جسٹس اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے پر ہیں اور انہوں نے سرینگر میں آل انڈیا لیگل سروسز اتھارٹیز کے 19ویں اجلاس سے افتتاحی خطاب کیا۔ محبوبہ مفتی نے راجوری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیف جسٹس سے دفعہ 370سے متعلق درخواستوں کی جلد سماعت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جو گزشتہ چار سال سے سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔ انہوں نے بھارتی چیف جسٹس سے بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں نظربند بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے معاملے کوبھی دیکھنے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں رہا کیا جانا چاہئے کیونکہ وہ بے قصور ہیں۔ محبوبہ مفتی کالاکوٹ کے مشہور صوفی بزرگ باجی مظفر حسین شاہ کے انتقال پراظہار تعزیت کے لیے راجوری گئی تھیں۔