راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) عید کے تین دنوں اور ویک اینڈ پر مری میں مجموعی طور پر50ہزار سے زیادہ گاڑیوں کی آمدورفت ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس کے ایک ہزار سے زیادہ افسروں اور جوانوں نے مری میں فرائض سرانجام دیئے۔ عیدالاضحی کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے ملکہ کوہسار مری کیلئے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا تھا کہ عید کے تینوں روز اور ویک اینڈ پر مجموعی طور پر 50ہزار سے زیادہ گاڑیاں مری میں داخل اور خارج ہوئیں۔ مری میں ضلعی و ٹریفک پولیس افسروں اور جوانوں نے دن رات سیاحوں کی حفاظت اور سہولت کیلئے فرائض سرانجام دیئے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ عید اور ویک اینڈ کے رش کے باوجود کسی مقام پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ بعض مقامات پر ٹریفک کے ہیوی لوڈ کے برعکس پورے مری میں مجموعی طور پر ٹریفک بلاتعطل رواں دواں رہی۔ عید کے تینوں دن مجموعی طور پر 2100سیاح خاندانوں کی مدد کی گئی۔ اس دوران سیاحوں کی راہنمائی کیلئے 12ہزار آگاہی پمفلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ سوشل میڈیا اور ایف ایم ریڈیو کے ذریعے بھی آگاہی فراہم کی جاتی رہی۔ سی پی او نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت کے پیش نظر کچھ وقت کیلئے گاڑیوں کا داخلہ بند کر کے ٹریفک کو ڈائیورٹ کیا گیا تاہم مری میں گنجائش پیدا ہونے پر دوبارہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ سی پی او نے کہا کہ تمام محکموں کے باہمی ربط اور مسلسل مانیٹرنگ سے کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ راولپنڈی پولیس شہریوں اور سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔