• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 جولائی سیاہ ترین دن، اقتدار کے لالچی ٹولے نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا، زرداری بلاول

لاہور(نمائندہ جنگ )سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کی حکومت کا تختہ الٹنے اور ضیاء الحق مارشل لاء کے خلاف پیپلز پارٹی کے زیراہتمام 46 واں یوم سیاہ آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے ۔اس موقع پرپیغام میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدرآصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہاکہ 5جولائی ملکی سیاسی تاریخ کاسیاہ ترین دن ہے،اقتدارکےلالچی ٹولے نے پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور خودداری کو پامال کرتے ہوئےملک کواندھیروں میں دھکیل دیا،آصف زرداری نےکہاکہ ملک1977کے آمرانہ اقدام کا خمیازہ آج بھی بھگت رہا ہے، ضیاء الحق نے لسانی اور فرقہ وار تعصب کی نرسریاں کھول کر معاشرے کو تباہ کر دیا تھا ،سابق صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلزپارٹی کے لئے قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی فلاسفی مشعل راہ ہے۔ ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا آزاد، خودمختار اور باوقار پاکستان تعمیر کریں گے۔بلاول بھٹونےکہاکہ آمروں اور کٹھ پتلیوں کا دور قصہ پارینہ بن چکا، اب پاکستان کا آج اور آنے والا کل صرف جمہوریت، جمہوریت اور جمہوریت ہے۔ 5جولائی ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ اقتدار کی بھوک میں مبتلا ایک آمر نے کس طرح مذہب کی آڑ میں پوری قوم کو انتھاپسندی، دہشتگردی، کلاشنکوف اور ڈرگ کلچر کی دلدل میں دھکیل دیا تھا، جن سے 46 سال گذرنے کے بعد بھی ہم تاحال مکمل طور جان نہیں چھڑا سکے۔ جنرل ضیاء کی آمریت کے دوران شہری و انسانی حقوق کی جس طرح پامالی کی گئی اور جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے والوں پر جو مظالم ڈھائے گئے، اس پر انسانیت ہمیشہ شرمندہ رہے گی،بلاول بھٹو زرداری نے آج کے دن آمر ضیاء کے دورِ اقتدار میں جمہوریت کی خاطر کوڑے کھانے والے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے اور جامِ شہادت نوش کرنے والے جیالوں کو سلام پیش کیا۔
اہم خبریں سے مزید