• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول کی جاپانی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

ٹوکیو (عرفان صدیقی ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےاپنے دورہ جاپان کے موقع پر جاپانی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے،وزیر خارجہ نے جاپانی کاروباری اداروں کے ایگزیکٹوز، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی اور جاپان ایکسٹرنل ٹریڈ آرگنائزیشن (جیٹرو) کے نمائندوں اور جاپانی سول سوسائٹی کے سرکردہ ارکان سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا اور جاپانی اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کیا جہاں انہوں نے علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے پاکستان کے وژن کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تعلقات کی اہمیت اور پاکستان اور جاپان کے درمیان وسیع اور کثیر جہتی اقتصادی تعاون پر زور دیا جو کامیابی اور مشترکہ خوشحالی اور ترقی کو جنم دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان مل کر ایک مضبوط اور موثر انفراسٹرکچر نیٹ ورک تشکیل اور علاقائی رابطوں کو فروغ دے سکتے ہیں، اس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں تجارتی حجم کو بڑھا سکتے ہیں۔ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان کے ساتھ بات چیت میں وزیر خارجہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے حکومت کے مضبوط عزم کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا ٹوکیو دورہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اعلیٰ سطح کی سیاسی مصروفیات کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور فائدہ مند تعاون کو مزید فروغ دے گی۔

ملک بھر سے سے مزید