لاہور (نمائندہ جنگ)مون سون کا طاقتور سپیل،مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، لاہور میں نان سٹاپ طوفانی بارش،30سالہ ریکارڈٹوٹ گیا،بارش کے باعث مختلف حادثات اورکرنٹ لگنےسے 7افرادجاں بحق ہوگئے،لکشمی چوک میں سب سےزیادہ295ملی میٹربارش ریکارڈ،محکمہ موسمیات کی لاہورمیں بارش کےایک اورسپیل کی پیش گوئی،شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔کینال روڈ پر نہر کا پانی سڑکوں پر بہہ نکلا، چائنہ اسکیم اور گڑھی شاہو میں بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔ لکشمی چوک میں سب سے زیادہ 295 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،جیل روڈ پر 147، ایئرپورٹ پر 130 ، ہیڈ آفس گلبرگ میں 210، اپر مال میں 199، مغلپورہ میں 220، تاجپورہ میں 225، نشتر ٹاون میں 240، چوک نا خدا میں 205 اور جوہر ٹاؤن میں 235 ، پانی والا تالاب میں 250، فرخ آباد میں 205، گلشن راوی میں 270، اقبال ٹاون میں 235، سمن آباد میں 169 ملی میٹر اور قرطبہ چوک میں 269 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے لاہورمیں بارش کےایک اورسپیل کی پیش گوئی کردی ہے،مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ہوگیا۔ چونگی امرسدھو میں بجلی کا تارپانی میں گرنے کے بعد کرنٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوا۔مصری شاہ میں چھت گرنے سے میاں، بیوی اور8سالہ بچی جاں بحق، رائیونڈ میں 14سالہ لڑکا پلاٹ میں کھڑےپانی میں ڈوب گیا، باغبان پورہ،چونگی امرسدھواورشیرانوالہ میںکرنٹ لگنےسے 3افراد جان سےگئے،دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شدید بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور نکاسی آب کی صورتحال کاجائزہ لیا، انہوں نے قذافی اسٹیڈیم، گلبرگ، لبرٹی، کلمہ چوک انڈر پاس، گارڈن ٹاؤن، فیروز پور روڈ اور قرطبہ چوک میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔علاوہ ازیں لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش سے مال روڈ اورجی او آر کے علاقوں میں متعدد درخت گرگئے جس کے باعث بجلی کے تار بھی ٹوٹ گئے، متعدد بجلی کے پولز ٹوٹنے سے شہر کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے تاہم فیلڈ اسٹاف بجلی کا ترسیلی نظام بحال کرنے میں مصروف ہیں۔