کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) فیمیل کالج آف نرسنگ ٹھٹھہ کی پرنسپل نے سیکریٹری صحت سندھ کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مند پسند اور جونیئرترین انسٹرکٹر کو وائس پرنسپل کا اضافی چارج دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے 4جولائی کو اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق 17 گریڈ کی کلینیکل انسٹرکٹر ریحانہ بانو کو وائس پرنسپل کا اضافی چارج دیا جاتا ہے اور وہ کالج کے تمام انتظامی امور دیکھیں گی۔ واضح رہے کہ کلینیکل انسٹرکٹر ریحانہ بانوکو محکمہ صحت نے 10فروری 2023 کو ملازمت کا تقرر نامہ دیا اور 8 مئی 2023 کو کالج میں تعینات کیا۔ اپنی تعیناتی کے دو ماہ کے اندر ہی انہیں وائس پرنسپل کا اضافی چارج دے دیا گیا اور اب وہ خود سے انتظامی امور کے ساتھ سینئر زکو ہدایات دیں گی جس سے سینئر انسٹرکٹر کی حوصلہ شکنی بھی ہوگی۔ یاد رہے کہ کسی بھی محکمہ میں 17گریڈکی تعیناتیاں اور اضافی چارجمتعلقہ سیکریٹری کا اختیار ہے جبکہ اضافی چارج پر عدالت نے پابندی بھی لگا رکھی ہے لیکن یہاں 18گریڈ کی پرنسپل نے سیکریٹری صحت کے اختیارات استعمال کر ڈالے۔ اس سلسلے میں پرنسپل کالج آف نرسنگ ٹھٹھہ مہر النساء کا کہنا تھا کہ ان کے پاس وائس پرنسپل سمیت کئی اسامیاں خالی ہیں جن کےباعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اس سلسلے میں کئی بار سیکریٹریٹ لکھ کر بھی دیا جاچکا ہے لیکن سپورٹنگ اور سیکوریٹی اسٹاف سمیت دیگر عملے کی کمی کو دور نہیں کیا جارہا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ یہ کالج کا اندرونی معاملہ ہے اور سیکریٹری صحت کی طرف سے انہیں اختیارات دیئے گئے ہیں کہ کالج کے اندرونی معاملات کو خود دیکھیں۔