کراچی(اسٹاف رپورٹر)بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ہفتے کی شب کراچی سے براستہ دبئی کولمبو روانہ ہوگئی۔کھلاڑی کولمبو سے ہمبن ٹوٹا بس کے ذریعے سفر کریں گے جہاں پریکٹس میچ کھیل کر پاکستانی ٹیم دو ٹیسٹ کھیلنے گال اور کولمبو جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم 11اور12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔پاکستان ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی چوہدری ذکاء اشرف نےکپتان بابر اعظم سے فون پر رابطہ کیا اورقومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم کو میری طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیں۔ توقع ہے کہ ٹیم دورہ سری لنکا اور ایشیا کپ میں پاکستان کے لئے کامیابیاں سمیٹے گی ۔ بابر اعظم نےذکاء اشرف کوچئیرمین مینجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے پچھلے دور میں بھی پاکستان نے ایشیا کپ جیتا تھا۔انشاء اس بار بھی ایشیا کپ جیت کر پاکستان لائیں گے۔۔پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا۔یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں پاکستانی ٹیم نے گزشتہ سال 342 رنز کا ہدف عبور کرکے چار وکٹوں سے ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔ یہ اس گراؤنڈ پر سب سے بڑا ہدف عبور کرے ٹیسٹ جیتنے کا ریکارڈ ہے۔کولمبو کا سنہالیز اسپورٹس کلب 24سے 28جولائی تک دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔پاکستانی ٹیم نے سنہالیز اسپورٹس کلب میں آخری مرتبہ 2014ء میں ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔اس میدان میں پاکستانی ٹیم چھ ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جن میں سے ایک جیتا ہے۔پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ بابراعظم ( کپتان ) محمد رضوان ( وکٹ کیپر اور نائب کپتان ) عامر جمال،عبداللہ شفیق،ابرار احمد،حسن علی،امام الحق،محمد حریرہ،محمد نواز،نسیم شاہ،نعمان علی،سلمان علی آغا،سرفراز احمد،سعود شکیل،شاہین آفریدی اور شان مسعود۔پاکستانی ٹیم کےسپورٹ اسٹاف میں ریحان الحق ( منیجر) گرانٹ بریڈبرن ( ہیڈ کوچ ) اینڈریو پیوٹک ( بیٹنگ کوچ ) مورنے مورکل ( بولنگ کوچ ) آفتاب خان ( فیلڈنگ کوچ ) عبدالرحمن ( اسسٹنٹ کوچ ) ڈریکس سائمین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ) کلف ڈیکن ( فزیوتھراپسٹ ) احسن افتخار ناگی ( میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کانٹینٹ منیجر ) لیفٹننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری ( سیکورٹی منیجر ) طلحہ اعجاز ( انالسٹ ) اور ملنگ علی ( مساجر) شامل ہیں۔