• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف قتل دھمکیاں، منصوبہ بے نقاب، چیئرمین PTI کی مذموم مہم جاری، فوج کیخلاف مہم روکیں، وزیراعظم کی ہدایت

اسلام آباد (نمائندہ جنگ،ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی مہم چلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا دوسروں کے ذریعے آرمی چیف جنرل کو قاتلانہ حملے کی دھمکیاں دینے کا منصوبہ بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے.

چیئرمین پی ٹی آئی کی مذموم مہم جاری ہے، متعلقہ ادارے فوج کیخلاف مہم روکیں، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اسکے اداروں کیخلاف ہر سازش کچل دینگے، فوج اور اسکے سربراہ کیخلاف مہم آزادی اظہار نہیں، آرمی چیف کیخلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، مایوس عناصر کو نیا بحران پیدا نہیں کرنے دینگے، دھونس، تشدد اور نفرت کی سیاست کا دور ختم ہوچکا، عوام آرمی چیف، فوج کے پیچھے چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم ،شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، چند عناصر بیرون ملک بیٹھ کر ملک دشمنی اور غداری کر رہے ہیں ۔

 وزیراعظم آفس کی جانب سے اتوار کوجاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آرمی چیف اور فوج کیخلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے ، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کیخلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ شہدا کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کیخلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فوج اور اسکے سربراہ کیخلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے، قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی ۔

 وزیراعظم نے کہاکہ مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دینگے، قوم اپنی فوج اور اسکے سربراہ کیساتھ کھڑی ہے ۔

دریں اثناء جیو نیوز کے مطابق ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ عمران خان آرمی چیف جنرل عاصم منیر کیخلاف مذموم اور بدنیتی پر مبنی مہم میں مصروف ہیں۔

انہوں نےکہا کہ قاتلانہ حملے کی دھمکی دینے کیلئے پراکسیوں کے استعمال کی چال بری طرح بے نقاب ہوچکی، ریاستی علامتوں پر منصوبہ بندی سے حملے ناکام ہونے کے بعد وہ واضح طورپربے چین ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں علم نہیں کہ ان کی دھمکی، تشدد اور نفرت کی سیاست کا وقت ختم ہوگیا ہے، ایسی قابل مذمت حرکات کے ذریعے وہ صرف اپنے آپکو بے نقاب کر رہے ہیں، مہم کا بنیادی مقصد ذاتی مفاد اور اقتدار پر قبضے کو ہر چیز پر ترجیح دینا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور سیاسی جماعتیں اپنےآرمی چیف اور مسلح افواج کے پیچھےچٹان کی طرح کھڑے ہیں، افواج کے وقار، عزت اور سالمیت کو مجروح کرنے کی کسی بھی کوشش اور سازش کو ناکام بنائیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اداروں کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شرانگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔

اہم خبریں سے مزید