اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں فسادی ٹولے کیخلاف کارروائی ہو رہی ہے، فراڈی، سازشی، فتنہ، فسادی ٹولہ ملک اور عوام کو لوٹ کر چلا گیا، اس ذہنی مریض کا مرض لا علاج ہے تم اب تماشہ ختم کر دو، عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ ملک کے خلاف سازش کس نے کی، مئی کے واقعات کا ماسٹر مائنڈ ایک شخص ہے، شرپسندوں کو مکمل ہدایات جاری کی گئیں، فتنہ اور فساد کی تربیت زمان پارک میں فراہم کی جاتی رہی،عدالت میں پیشی سے پہلے اس نے ویڈیو پیغام دیا کہ میری گرفتاری پر ردعمل دیا جائے۔ اسلام آباد میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے اپنے ٹویٹ میں سوال اٹھایا ہے کہ 9 مئی کے واقعہ کا کس کو فائدہ پہنچا؟ کچھ اور بھی سوالات اٹھائے ہیں،فارن ایجنٹ کے مطابق ان کی جماعت پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، اس جماعت کا کوئی ترجمان نہیں، ان کا ترجمان ٹویٹر ہینڈل ہے۔