کراچی(نیوزڈیسک)بھارت میں شدید بارشوں سے دریائے جمنا میں پانی کی سطح کا 45 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔نئی دلی سے بھارتی واٹر کمیشن کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے بتایا کہ دریائے جمنا میں پانی کی سطح 207.72 میٹر کی بلندی پر پہنچ چکی ہے۔ اس حوالے سے بھارتی واٹر کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ 1978ء میں دریائے جمنا میں پانی 207.49 میٹر کی سطح تک پہنچا تھا۔ ادھر نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے نشیبی علاقوں سے لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ شہر میں ہنگامی حالت کےلیے درجنوں کشتیاں پہنچا دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ کیجریوال نے کہا کہ دلی میں پانی بھارتی ریاستوں ہماچل پردیش اور ہریانا سے آرہا ہے۔