اسلام آباد،سکردو( نثار عباس،خبر نگار،نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف فارورڈ بلاک کے نامزد امیدوارحاجی گلبر خان وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان منتخب ہوگئے، ان کے مد مقابل تحریک انصاف ہم خیال گروپ نے الیکشن پروسیس کا بائیکاٹ کیا،چوتھے منتخب وزیر اعلیٰ گلبر خان سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے حلف لیا، پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ دن دیہاڑے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا، حلف برداری کی تقریب میں ارکان اسمبلی، اعلی سرکاری حکام اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ حاجی گلبر خان حلقہ جی بی ایل اے 18 دیامر تین سے جی بی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، نو منتخب وزیر اعلیٰ نے صوبائی اسمبلی میں اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آصف علی زرداری اور اپوزیشن ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم تمام حامی جماعتوں کے ممبران اسمبلی پر مشتمل حکومت بنائیں گے اور ملک و قوم کی خدمت کریں گے، انھوں نے کہا کہ میں بیمار ہوں لیکن قوم کی خدمت کے لئے تمام توانائیاں بروئے کار لاؤں گا۔