لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے وعدہ کے باوجود سودی نظام کے خاتمہ کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا، اسلامی ملک کا پورا معاشی نظام انگریز کے دیے ہوئے1839ءربا ایکٹ پر کھڑا ہے، آئین پاکستان سود کے خاتمے کی بات کرتا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کی واضح سفارشات ہیں اور وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ بھی موجود ہے، لیکن سود کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جو اس وقت 22فیصد ہے، دنیا میں اس تناسب کی کہیں مثال نہیں ملتی۔ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کر کے معیشت بہتر ہو گی نہ ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سودی نظام، آئی ایم ایف کی مداخلت اور معیشت کو درپیش دیگر چیلنجز سے متعلق مقامی ہال میں مشاورتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیے۔ سیمینار میں نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ، ایم این اے عبدالاکبر چترالی، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، قیوم نظامی، ڈاکٹر حسین احمد پراچہ، حافظ زبیر احمد ظہیر، مولانا زاہد محمود قاسمی، پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم سمیت معاشی ماہرین، علمائے کرام اور صحافیوں نے خطاب کیا۔