• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن جیتنے کے بعد اپنی معاشی کارکردگی اسلام آباد تک لیکر جائیں گے، بلاول، دھابیجی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات نزدیک ہیں، الیکشن جیتنے کے بعد اپنی معاشی کارکردگی اسلام آباد تک لے کر جائینگے، عوام اور دنیا پیپلزپارٹی کی کارکردگی کو تسلیم کررہی ہے، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کریگا اور غربت اور بیروزگاری کو ختم کرنے میں مدد ملے گی، ہم نے تبدیلی کے نام پر تباہی دیکھی ہے، آپ نے دیکھ لیا کہ باقی باتیں کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی کام کر کے دکھاتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو حکومتِ سندھ کے فلیگ شپ منصوبے، دھابیجی اسپیشل اکنامک زون، کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ منصوبے سے 5 ارب ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ کراچی اور ٹھٹھہ سے شروع کیئے جانے والے صنعتی انقلاب کو پورے ملک میں پھیلائیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا ویژن تھا، جس کو سندھ کی عوامی حکومت آگے بڑھا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کردار کشی کی جاتی رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب نوجوانوں کو ذمہ داری ملتی ہے تو وہ کارکردگی دکھاتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں اور تاجر برادری سمیت پورے ملک کی عوام کو اپیل کی کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ جب آئندہ عام انتخابات میں ان کی جماعت کامیاب ہوگی تو وہ اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، جس طرح اس نے سندھ کے صحتِ عامہ، انفراسٹرکچر اور ترقی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ تقریب میں وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ ، سندھ کابینہ کے اراکین، میئر کراچی سمیت سفارتکاروں، اعلی سرکاری افسران اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اہم خبریں سے مزید