کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی فکرِ بھٹو کی روشنی میں 1973ء کے آئین و جمہوریت کی حفاظت، معاشرے میں رواداری و مساوات کے فروغ، اور ملک و قوم کی ترقی و سربلندی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔، بلاول ہاوَس سے جاری کردہ بیان میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو نوجوانوں میں انقلابی سوچ و ویژن کی علامت ہیں، ان کی جمہوریت کے لیے جدوجہد اور قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں شہید شاہنواز بھٹو کو ان کے 38 ویں یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو کا یومِ شہادت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہونے کی پاداش میں بھٹو خاندان پر کیسے کیسے ظلم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے بعد، شہید شاہنواز بھٹو کا بہیمانہ قتل بھٹو خاندان اور پارٹی کے لیے دوسرا بڑا سانحہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بطور بڑی بہن، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دل میں اپنے چھوٹے بھائی کی المناک جدائی کا غم بھی ہمیشہ ایک نامندمل زخم کی طرح سلگتا رہا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا حالات کیسے بھی ہوں، شہید شاہنواز بھٹو کا نوجوان جیالوں کو اپنے ساتھ جوڑے رکھنا اور جمہوریت پر کوئی سمجھوتا نہ کرنا ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فکرِ بھٹو کی روشنی میں 1973ع کے آئین و جمہوریت کی حفاظت، معاشرے میں رواداری و مساوات کے فروغ، اور ملک و قوم کی ترقی و سربلندی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جو شہید شاہنواز بھٹو سمیت بھٹو خاندان کے ہر فرد کا مشن تھا اور جس کی خاطر انہوں نے اپنی جانیں قربان کردیں۔