• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان شہر میں کل 485جلوس برآمد ہوں گے ،101جلوس حساس قرار

ملتان (سٹاف رپورٹر)سی پی او ملتان منصور الحق رانا کی ہدایت پر ملتان پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے حوالہ سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کا محرم الحرام کے دوران امن و امان کے حوالے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا گیا۔محرم الحرام کے دوران ملتان شہر سے کل 485جلوس برآمد ہوں گے جن میں101جلوسوں کو حساس قرار دیا گیا ہے اس کے علاوہ شہر بھر میں مختلف مقامات پر کل 1533 مجالس منعقد ہوں گی جن میں 355 مجالس کو حساس قرار دیا گیا ہے محرم الحرام کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملتان پولیس کے 4293پولیس افسران و جوان شفٹ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا کی زیرنگرانی ایک سپیشل اسکواڈ تعینات کیا گیا ہے جو سرچ آپریشن کر رہا ہے اس کے علاوہ سب ڈویڑن کی سطح پر ٹیمیں جلوس کے روٹس پر اہم امام بارگاہوں کے قریب، جنرل بس اسٹینڈ اور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر سرچ اپریشن کر رہی ہیں اسپیشل برانچ اور سنیفر ڈوگز کے ذریعے تمام مجالس اور جلوس سے پہلے علاقہ کی ٹیکنیکل سیوپینگ کرائی جائے گی۔جلوس کے روٹس اور مجالس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ تمام مجالس اور جلوسوں کی نگرانی کے لیے کنٹرول قائم کیا جائے گا جہاں تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو کوریج کی جائے گی۔ تمام اہم مجالس پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔تمام مجالس اور جلوسوں میں پولیس کے ساتھ ساتھ سپیشل برانچ، رسکیو 1122، ٹی ایم اے، واپڈا، پی ٹی سی ایل، سوئی ناردرن، لائسنس داران کی طرف سے پولیس سے تربیت یافتہ 2215 وولینٹئرز اور سول ڈیفنس کے اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان منصور الحق رانا تمام سیکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں گےایس ایس پی آپریشنز ملتان محمد عمران اوورآل نگران ہوں گے۔تمام ڈویڑنل ایس پیز اپنے اپنے ڈویژنز کے انچارج ہوں گے۔سٹی پولیس آفیسر ملتان اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان کی زیر نگرانی تھانہ کی سطح پرکور منیجمنٹ کمیٹیاں مقرر کی گئی ہیں جن میں امن کمیٹی، تاجران اور عوامی نمائندے شامل ہیں۔ جو کسی بھی مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گی۔ شہر بھر کے اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی کی جائے گی اور ایلیٹ فورس اور پولیس کے چاک و چوبند دستے شہر بھر میں گشت کریں گے۔ سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے سیکیورٹی پلان بارے پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکم محرم سے دس محرم اور چہلم تک مجالس عزا، جلوس، مجالس علم ذوالجناح، پنگوڑہ مہند ی، سیج، جلوس تعزیہ علم، ذوالجناح برآمد ہوتے ہیں۔ تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی متعلقہ ایس ڈی پی اوز /ایس ایچ اوز کریں گے۔ جو خود تمام ڈیوٹی کی نگرانی، کمی بیشی، بروقت مقام ڈیوٹی پر نفری بھجوانے، ملازمان کو بریف کرنے کے علاوہ قابل اعتراض وال چاکنگ، اسلحہ کی نمائش، ڈبل سواری، پوسٹر، پمفلٹ، تقاریر اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر کڑی نظر رکھیں گے۔
ملتان سے مزید