کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرکٹ ورلڈ کپ کے پرومو میں پاکستان کے کپتان او ر دنیا کے صف اول کے بیٹسمین بابر اعظم کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ البتہ بھارت چھایا ہوا ہے۔ آئی سی سی ایک روزہ عالمی کپ کا پرومو اور تھیم جاری کیے گئے ہیںجس میں پاک بھارت کرکٹ کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ دو منٹ 13 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں تمام ٹیموں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں ۔ یہ پرومو آئی سی سی کی ٹوئٹر پر آفیشل ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے ۔ پرومو کا اختتام بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان پر ہوتا ہے۔ عالمی نمبر 2 پاکستان کرکٹ ٹیم کی زیادہ تر مایوسی کی ہی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جن میں شاداب خان کو چھکا لگنا، محمد عامر کا بولڈ ہونا ، وہاب ریاض کا مایوس ہونا اور 1992 میں انضمام الحق کا رن آؤٹ شامل ہے۔ ایک سین میں پاکستانی فین کو مایوس بیٹھا دکھایا گیا ہے جسے بھارتی فین دلاسا دیتا دکھایا گیا ۔ پاکستان کا صرف ایک اچھا لمحہ دکھایا گیا ہے جس میں شاہین آفریدی وکٹ لے کر جشن منارہے ہیں ۔ تقریباً دو سال سے دنیا کے نمبر 1 ون ڈے بیٹر ، 2021 اور 2022 کے آئی سی سی ون ڈے بیٹر آف دی ایئر بابر اعظم کو اس وڈیو میں شامل ہی نہیں کیا گیا۔ آئی سی سی کو سوشل میڈیا پر اس وڈیو پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کرکٹ شائقین نے آئی سی سی سے سوال کیا ہے کہ وہ کیسے بابر اعظم کو نظر انداز کرسکتا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ وڈیو میں جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔