کراچی( اسٹاف رپورٹر) سابق ہاکی اولمپئن شہناز شیخ پی ایچ ایف کا حصہ بن گئے۔ فیڈریشن نے انہیں دو برس کے لئے پاکستان ہاکی ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کردیا ہے۔دلچسپ بات ہے کہ شہناز شیخ ہاکی اولمپئنز کی اس کمیٹی میں شامل تھے جس نے چند ماہ قبل حکومت کو پی ایچ ایف کے موجودہ سیٹ اپ میں تبدیلی کی سفارشات بھیجی ہے۔ شہناز شیخ ماضی میں کئی بار قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں پاکستان نے18 سال بعد چیمپئنز ٹرافی میں سلور میڈل حاصل کیا تھا اور بھارت کو اس کیسر زمین پر شکست دی تھی۔ ایشین گیمز میں ان کی کوچنگ میں سلور میڈل جیتا، اذلان شاہ کپ دو مرتبہ حاصل کیا۔ وہ ہفتے سے اپنی ذمے داری سنبھال لیں گے۔ ان کی تقرری قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی ہدایت پر کی گئی ہے۔ جنگ سے بات چیت میں انہوںنے کہا کہ ٹاسک مشکل ہے، مگر میں نے ہمیشہ چیلنج قبول کیا ہے، کوچنگ کے ساتھ نئے کوچز بھی تیار کرنا میری ذمے داری کا حصہ ہے۔