لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈاکو کے بیانیے نے پاکستانیوں کو تقسیم کردیا، سیاسی قوتیں اختلافات دفن کرکے ایک ہو جائیں، اتحاد قائم کریں تو کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، ڈیفالٹ کا سوچ کر نیند نہیں آتی تھی، دن رات منتیں کی پھر آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا، آئیں میثاق معیشت پر بات کریں، اس طرح کام نہیں چلے گا، ہم فیصلہ کرلیں اب عزت کی زندگی گزارنی ہے یا بھکاری کی، بلاشبہ غریب مہنگائی سے پٹ چکا ہے میرا بس چلے تو راتوں رات مہنگائی ختم کر دوں، عام انتخابات میں عوام جوبھی فیصلہ کریں گے ہم قبول کرینگے، حکومت ملی تو جان لڑا دونگا،نوازشریف ملک کی ترقی و خوشحالی کے معمار ہیں، نوازشریف ملک کی ترقی و خوشحالی کے معمار ہیں، نیازی حکومت نے دولت لوٹی ،300ارب ڈالر لاتا تو مجھے منتیں نہ کرنا پڑتیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور لاہور میں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ پاکستان کے خزانے میں آنے کے بجائے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چلا گیا، بند لفافہ کابینہ میں لے جایا گیا، کابینہ کے ایک دو وزیروں کے سوا سب نے بند لفافے پر منظوری دے دی، خدا نہ کرے اس بند لفافے میں یہ لکھا ہوتا کہ ہم کشمیر کا سودا کر رہے ہیں توکیا کابینہ سے ایسے ہی آنکھیں بند کرکے دستخط لے لیے جاتے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ دور میں عوامی منصوبوں کی بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی فلاحی منصوبے ہیں ،ان منصوبوں سے نہ صرف ان علاقوں کی شکل بدل جائے گی بلکہ عوام کو درپیش ٹریفک کے حوالے سے مسائل میں بھی کمی آئے گی،لوگوں کو روز گار کے مواقع ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں پر 35ارب روپے کی لاگت آئے گی،جن منصوبوں کا میں نے سنگ بنیاد رکھا ہے اسے سافٹ لانچ کہتے ہیں،ایک منصوبہ پر35ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کالا شاہ کاکوسے لاہور کراچی موٹر وے تک 19کلومیٹر بائی پاس تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے اور اس سے پورے علاقے میں خوشحالی کا انقلاب آئے گا،اسی طرح دوسرا منصوبہ لاہور کراچی موٹر وے سگیاں روڈ اور مین راوی پل تک کاتوسیع منصوبہ ہے،تیسرا منصوبہ عبدالحکیم موٹر وے پر آسان (انٹر چینج)کی تعمیر ہے ،چوتھا منصوبہ جس کی میں نے بنیاد رکھی وہ قائد اعظم یونیورسٹی کا کیمپس ہے اس کی تعمیر ہے،پانچواں منصوبہ سکائوٹس کالج ہے ،جبکہ چھٹا منصوبہ شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک میٹرو بس کا ہے ،ان منصوبوں کی تعمیر سے عوام کو بے پناہ فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا دور جادوٹونے سے نہیں بلکہ محنت سے ختم کریں گے ،وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کے سوا کچھ نہیں کیا ،ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم نے عزت کی زندگی گزارنی ہے یا اپنے ہاتھوں میں کشکول پکڑنا ہے ۔