• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگلے وزیراعظم نواز شریف ہیں، نئی مردم شماری سے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے، شہباز شریف

فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے اگلے وزیراعظم نوازشریف ہونگے، الیکشن جیت کر 5 سال میں ملک کی تقدیر تبدیل اور بھارت کو اقتصادی میدان میں پیچھے چھوڑ دینگے۔

 ہماری حکومت آئی تو کشکول توڑ کر بنی گالا بھیج دینگے، 2018ء میں دھاندلی سے بہروپئے کامیاب کرائے گئے، افسران سے کہا تھا عمران نیازی اصل چہرہ دکھائے گا تو نوازشریف آپ کو فرشتہ نظرآئیگا۔

نوازشریف کیخلاف سازشی ٹولے کا سرغنہ ثاقب نثار تھا، پچھلی حکومت نےIMF معاہدے کی خلاف ورزی کر کے سارا بوجھ غریب عوام پر ڈالا، کامیاب ہو کر لاکھوں ایکڑ زمین کو آباد اور معدنیات کی دولت سے پاکستان کو فیضیاب کرینگے۔

نگراں وزیراعظم کیلئے مشاورت جاری ہے، نئی مردم شماری پر عمل ہوتا ہے تو فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے کہ آگے کیا ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نےسیاست چمکانےکیلئےنظام کو برباد کیا، 9 مئی واقعہ نہیں بلکہ فوج میں’’کو‘‘کی قبیح حرکت تھی، ادارے اورحکومت ایک پیج پر، فیصلہ کیا کسی کو بھی رعایت نہیں ملے گی، ہم پاکستان کیخلاف واقعات نہیں ہونے دیں گے، پورافریم ورک اورشفاف احتساب کاپلان بنناچاہیے، ن لیگ چھوڑ کر جانے والے واپس آنا چاہیں تو خوش آمدید کہیں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں موٹروے ایم 3 سے منسلک ستیانہ بائی پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب اور ایک انٹرویو میں کیا۔ 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اب الیکشن کی آمد ہے، آپ نے اپنے ووٹ کی طاقت سے نہ صرف 2018 میں دھاندلی کے ذریعے بھروپیے کامیاب کرائے گئے ان کو شکست دینی ہے بلکہ مسلم لیگ (ن) کو فیصل آباد سے سو فیصد کامیاب کرکے 2018 کا بدلہ لینا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے فیصل آباد کے عوام کو فیصل آباد سے باہر جانے اور داخل ہونے میں بے پناہ سہولت میسر ہوگی، پچھلی حکومت نے کسی ایک منصوبے پر کام نہیں کیا بلکہ چار سال پاکستانی معاشرے میں زہر بھرتے رہے اور بھونڈے الزامات عائد کرتے رہے۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ جس شخص نے کہا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد خیبرپختونخوا کی طرح پورے ملک میں اسپتالوں کا جال بچھا دوں گا، تین ماہ میں 3 سو ارب ڈالر واپس لاؤں گا، لیکن ایک پائی بھی نہیں لایا، پھر کہا کہ مر جاؤں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کیا، اسکی خلاف ورزی کی جس کا سارا بوجھ ہماری حکومت پر ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ اس شخص نے دو صوبوں کے وزرائے خزانہ کو یہ کہہ کر آئی ایم ایف سے معاہدہ توڑنے کی سازش کی کہ آئی ایم ایف کے لیے خط جاری نہیں کرنا، ملک سے اس سے بڑی سازش کیا ہوسکتی ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں جب ملکی معیشت راکٹ کی طرح اوپر جارہی تھی تو ایک سازش کے تحت نواز شریف کو بے بنیاد الزامات میں دھکیلا گیا اور سازش میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سازشی ٹولے کا سرغنہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت میں نے بڑے بڑے افسران کو کہا کہ آج آپ عمران خان کو لانے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں، میری بات یاد رکھنا جب عمران نیازی اپنا اصل مکروہ چہرہ آپ کو دکھائے گا تو آپ کو نواز شریف فرشتہ نظر آئے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج دور دور تک ڈیفالٹ ہونے کا کوئی نشان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اخبارات میں آیا کہ غریب عوام پر بجلی کی قیمتیں بجلی بن کر گری ہیں لیکن اس بات کی وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ جو لوگ دو سو یونٹ بجلی استعمال کرتے ہیں ان پر قیمتوں کا کوئی اضافہ نہیں کیا گیا لیکن جو زیادہ بجلی استعمال کرتے ہیں ان کے لیے قیمتیں بڑھائیں کیونکہ آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنا تھا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں آپ (عوام) جس کو بھی منتخب کرکے اسلام آباد بھیجیں گے ہم اسکا احترام کرینگے لیکن اگر آپ نے مسلم لیگ (ن) کو موقع دیا تو میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ نواز شریف اگلے وزیراعظم ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پانچ سال کا موقع دیا تو ہم سب اتحادی مل کر پاکستان کی قسمت بدل دیں گے اور ملک کو خوشحالی و ترقی کے سفر پر گامزن کرینگے اور ترقی کا سفر اسی طرح آئے گا جب نواز شریف نے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی تھی، جس طرح چین سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرائی جس سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملا، سڑکوں کا جال بچھا تھا۔

اہم خبریں سے مزید