• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمرجنگ ایشیا کپ میں بھارت کو عبرتناک شکست، 37 برس بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ پاکستان کے نام

کولمبو/میلبرن (ایجنسیاں/ ٹی وی رپورٹ) ایک ہی دن میں پاکستان کیلئے دو اعزاز‘پاکستان اے نے بھارت اے کو 128رنز کے بڑے مارجن سے عبرتناک شکست دیکر ایمرجنگ ایشیا کپ کا کامیابی سے دفاع کر لیاجبکہ پاکستان کےحمزہ خان نے 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی‘ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ نے مصر کے محمد ذکریا کو تین - ایک سے شکست دی۔ گرین شرٹس نے طیب طاہر کی شاندار سنچری کی بدولت 8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا ، طیب طاہر نے 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اورمین آف دی میچ قرار پائے ‘ صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے نصف سنچریاں بنائیں‘بھارت اے پہاڑ جیسا ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی‘سفیان مقیم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا‘ اتوار سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فائنل میں بھارت اے کے کپتان یش دھول نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے 17.2 اوورز میں 121 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا ، صاحبزادہ فرحان 62 گیندوں پر 4 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 65 جبکہ صائم ایوب 51 گیندوں دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے‘طیب طاہر نے مبصر خان کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 126 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے پاکستان کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا ، وہ 71 گیندوں پر 4 فلک شگاف چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ‘بھارت اے ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، ابھیشیک شرما 65 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے‘پاکستان اے کی طرف سے مہران ممتاز ، ارشد اقبال اور محمد وسیم نے دو ، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ادھرپاکستان کےحمزہ خان نے 37 سال بعد ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں جاری چیمپئن شپ کے فائنل میں حمزہ نے مصر کے محمد ذکریا کو تین - ایک سے شکست دی۔حمزہ خان کی جیت کا اسکور 12-10، 12-14، 3-11 اور 6-11 رہا، حمزہ سے قبل 1986 میں جان شیر خان نے یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں حمزہ نے فرانس کے میلول سیانی مینیکو کو تین - دو سے شکست دی، حمزہ اور فرانسیسی کھلاڑی کے درمیان میچ 81 منٹ جاری رہا تھا۔حمزہ خان نے کوارٹر فائنلز میں ملائیشیا کو شکست دے کر ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔واضح رہے کہ آخری مرتبہ 2008 میں عامر اطلس خان نے ورلڈ جونیئر کا فائنل کھیلا تھا۔

اہم خبریں سے مزید