بہاولپور(آئی این پی،نیوز ڈیسک ) بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی کے ملازمین مبینہ طور پر منشیات فروشی میں ملوث نکلے جبکہ جامعہ کے کئی ملازمین کی جانب سے طالبات اور جامعہ کی خواتین اسٹاف کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرنے اور زبردستی ڈانس پارٹیاں منعقد کرنے کے سنگین الزامات بنی سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے گزشتہ روز اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ایک اور عہدیدار کو منشیات کی خرید و فروخت کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پہلے خزانچی، پھر سیکیورٹی افسر اور اب اسلامیہ یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ انچارج سے بھی آئس برآمد کرلی گئی۔ ایک ماہ کے دوران دو افسران سمیت تین ملازمین گرفتار کرلیے گئے۔ تمام واقعات کے جواب میں جامعہ کی لیگل ٹیم بھی حرکت میں آگئی، لاہور ہائی کورٹ سے معاملے کی جوڈیشل انکوائری اور جوائنٹ تحقیقاتی ٹیم کے قیام کے ساتھ آئی جی پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کردیا۔ دوسری جانب اسلامیہ یورنیورسٹی میں وائس چانسلر کی جانب سے تمام ملازمین اور افسران کے بلڈ ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔